وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ پرامن احتجاج آئینی حق ہے، تشدد کی اجازت نہیں دی جاسکتی، ریاست کی رٹ ہر صورت برقرار رکھی جائے گی۔
کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیرصدارت پاک افغان سرحدی علاقے چمن کی صورتحال سے متعلق اجلاس ہوا جس میں محکمہ داخلہ کی جانب سے اجلاس کو پاک افغان سرحدی علاقے چمن کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی گئی ۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیکورٹی فورسز اور املاک پر حملہ ناقابل قبول ہے ،قانون سے کوئی مبرا نہیں، قانون ہاتھ میں لینے سے گریز کیا جائے، پرامن احتجاج آئینی حق، تشدد کی اجازت نہیں دی جاسکتی ، میر سرفراز بگٹی ریاست کی رٹ ہر صورت برقرار رکھی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت برداشت صبر و تحمل سے کام لے رہی ہے، چمن کے مقامی لوگوں کی اکثریت امن پسند ہے،قیام امن میں رخنہ ڈالنے والے چند عناصر ہیں مقامی لوگ ان کی حوصلہ شکنی کریں، سیاسی جماعتیں اور اسٹیک ہولڈرز بارڈر ایریا میں قیام امن کیلئے مقامی افراد کو قائل کریں ۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بارڈر ایریا کے مقامی افراد کو درپیش مشکلات اور مسائل کا حل چاہتے ہیں، مظاہروں کی آڑ میں حالات خراب کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی مقامی لوگوں کو شرپسندوں کی صفوں سے الگ ہوکر قیام امن کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا، مقامی لوگوں کے خدشات دور کرکے مشکلات حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔