وفاقی حکومت نے ترقیاتی مقاصد کےلیے قرضوں اور ایڈوانس فراہمی پر شرح سود میں اضافہ کردیا۔
وزارت خزانہ نے23-2022 کےلیے مارک اپ ریٹ میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، مارک اپ ریٹ 11.20 فیصد سے بڑھا کر 15.58 فیصد کر دیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق شرح سود کا اطلاق صوبائی حکومتوں کو کیش ڈیویلپمنٹ لونز، لوکل باڈیز، فنانشل اور نان فنانشل سیکٹر اور کارپوریشنز پر بھی اطلاق ہوگا۔ وفاقی حکومت کے کمرشل ڈپارٹمنٹس میں بھی اضافی شرح سود لاگو ہوگا۔
واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے مانیٹری پالیسی نے 14 ستمبر کو مجموعی شرح سود 22 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ مہنگائی کے تازہ ترین اعدادوشمار کے پیش نظر کیا ہے۔ مئی میں مہنگائی اڑتیس فیصد کی بلند ترین سطح پر تھی، جو اگست میں کم ہو کر ستائیس اعشاریہ چار فیصد پر آگئی، مہنگائی میں مزید کمی کا امکان ہے۔