فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کی محصولات میں جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 31 فیصدکا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مئی 2024 کے مقررہ ہدف 745 ارب روپے کے مقابلہ میں 760 ارب روپے کے محصولات جمع کر لئے گئے ہیں۔ ترجمان ایف بی آر نے بتایا کہ مئی کے مہینے میں اندرونی ٹیکسوں میں 43 فیصد کا متاثر کن اضافہ ہوا ہے۔
بیان کے مطابق حکومت کی پالیسی ہے کہ زیادہ وسائل اندرونی ٹیکسز سے حاصل کئے جائیں۔ محصولات کے تفویض کردہ اہداف کے حصول کے لئے ٹیم ایف بی آر نے ان تھک محنت کی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ایف بی آر رواں مالی سال کے آخری مہینے جون 2024 کے مقرر ہدف کو حاصل کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ چیئرمین ایف بی آر نے ایف بی آر کے افسران اور سٹاف کے عزم اور محنت کو سراہا ہے۔