وزیر توانائی سندھ سید ناصر حسین شاہ کا کہنا ہے کہ بجٹ میں سولر پینل انتہائی رعایتی قیمت پر دینے کی اسکیم لا رہے ہیں۔
اپنے بیان میں صوبائی وزیر سندھ ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت بجٹ میں سولر انرجی کیلئے ابتدائی طور پر 5 ارب روپے رکھے گی اور سولر پینل انتہائی رعایتی قیمت پر دینے کی اسکیم بھی لا رہے ہیں۔
صوبائی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ غریب اور متوسط طبقے کو 2 لاکھ سولر پینلز دیئے جائیں گے جن کی قیمت کا 80 فیصد حکومت اور صرف 20 فیصد عوام سے لیا جائے گا۔
ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں 5 لاکھ ایسے گھر ہیں جہاں بجلی موجود ہی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ میں سولر پارک اور منی گرڈ اسٹیشن لگائیں گے اوران سے عوام کو 100 یونٹ مفت بجلی دیں گے۔
یاد رہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے 100 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے 50 ہزار گھرانوں کو مفت سولر سسٹم فراہم کیا جائے گا۔