وزارت خزانہ نے مہنگائی کی شرح میں بتدریج کمی کا دعویٰ کردیا۔
وزارت خزانہ نے ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آؤٹ لک رپورٹ جاری کر دی، رپورٹ کے مطابق رواں ماہ مہنگائی 13.5 فیصد سے14.5 فیصد کے درمیان رہنے جبکہ اگلے ماہ مہنگائی مزید کم ہو کر12.5 فیصد سے 13.5 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق آئی ایم ایف سے نئے پروگرام کیلئے باقاعدہ مذاکرات شروع کر دیئے، عالمی مالیاتی فنڈ سے نیا قرض پروگرام تین سال پر محیط ہوگا، آئی ایم ایف سے قرض کا مقصد معاشی استحکام برقراررکھنا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق نئے قرض پروگرام سے بیرونی شعبہ مضبوط، سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا، جولائی تا مارچ مالی خسارہ 26.8 فیصد اضافےسے 3 ہزار 902 ارب تک پہنچ گیا، اس دوران پرائمری بیلنس 1615 ارب روپے سرپلس رہا۔
ًرپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایک سال میں ڈالر ریٹ میں تقریبا 9 روپے کمی آئی،ڈالر کی قیمت 278 روپے 21 پیسے پر آگیا، موجودہ مالی سال زرعی شعبے نے 6.25 فیصد کی شرح سے ترقی کی۔
رواں مالی سال ترسیلات زر، برآمدات، ٹیکس اور نان ٹیکس ریونیو میں اضافہ ہوا، ٹیکس ریونیو 30.6 فیصد اضافے سے دس ماہ میں 7 ہزار 362 ارب روپے رہا، نان ٹیکس ریونیو 94.8 فیصد اضافے سے 2 ہزار 417 ارب روپے ریکارڈ کیا گیا۔
وزارت خزانہ کے مطابق براہ راست بیرونی سرمایہ کاری 8.1 فیصد اضافے سے ایک ارب 45 کروڑ ڈالرہوگئی، دس ماہ میں مجموعی بیرونی سرمایہ کاری میں 93 فیصد سے زائد اضافہ ہوا، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں جولائی تا اپریل 94.8 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ لارج اسکیل مینوفیکچرنگ کی گروتھ مثبت رہنے کا امکان ہے۔