سابق وزیراعظم نواز شریف مسلم لیگ (ن) کے بلامقابلہ صدر منتخب ہوگئے۔
کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہونے کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کردی گئی، چیف الیکشن کمشنر رانا ثناء اللہ کی جانب سے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی گئی۔
فہرست کے مطابق صرف ایک امیدوار محمد نواز شریف مسلم لیگ (ن) صدر کے عہدے کے امیدوار ہیں، نواز شریف کی بطور صدر کامیابی کا حتمی اعلان جنرل کونسل کے اجلاس میں کیا جائے گا۔
پارٹی ذرائع کے مطابق جنرل کونسل میں نواز شریف کی بطور صدر مسلم لیگ کامیابی کے اعلان کی توثیق بھی کروائی جائے گی، جنرل کونسل کے اراکین شو آف ہینڈ کے ذریعے نواز شریف کی بطور صدر نامزدگی کی توثیق کریں گے۔
واضح رہے کہ نواز شریف کو 2018 میں سپریم کورٹ کے ایک بینچ کے فیصلے کے بعد پارٹی صدر کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت نااہل شخص سیاسی جماعت کا سربراہ نہیں ہوسکتا، اس فیصلے سے صرف چند ماہ قبل سپریم کورٹ نے پاناما پیپرز سے متعلق کرپشن کیسز میں نوازشریف کو تاحیات نااہل قرار دے دیا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ ماہ مسلم لیگ (ن) پنجاب کے اراکین کی جانب سے نواز شریف کو پارٹی قیادت سنبھالنے کے حوالے سے ایک ایک قرارداد پاس کی گئی تھی، جس میں کہا گیا کہ چونکہ نوازشریف لندن سے آنے کے بعد کرپشن کیسز میں بری ہوچکے ہیں، انہیں 2017 میں سپریم کورٹ نے سازش کے ذریعے نااہل قرار دیا تھا، اب وقت آگیا ہے کہ وہ دوبارہ پارٹی کی صدارت سنبھالیں اور مسلم لیگ ن کو نئی بلندیوں تک پہنچائیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے بدعنوانی کے مقدمات (ایون فیلڈ اور العزیزیہ) میں بریت کے علاوہ جنوری میں سپریم کورٹ نے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت پارلیمنٹیرنز کی تاحیات نااہلی کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا تھا، جس کے بعد نوازشریف کی دوبارہ پارٹی صدر بننے میں تمام رکاوٹیں دور ہوگئی تھیں۔