وزیر اعظم شہباز شریف نے یوم تکبیر کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کر دیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے 28 مئی کو ( کل ) یوم تکبیر کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم کی منظوری کے بعد کابینہ ڈویژن کی جانب سے تعطیل کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
اس حوالے جاری اپنے بیان میں وزیرِاعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یوم تکبیر پاکستانی قوم کے ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے اتحاد کی یاد دلاتا ہے، آج کے دن پوری قوم نے اس ملک کی سالمیت کیلئے یہ فیصلہ کیا کہ ملکی دفاع پر کسی قسم کا بیرونی دباؤ قبول کرکے سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیرِاعظم کا کہنا تھا کہ یومِ تکبیر سیاسی اور دفاعی قوتوں کے اس ملک کے دفاع کو مضبوط تر بنانے کیلئے ایک جھنڈے، سبز ہلالی پرچم تلے متحد ہونے کی یاد دلاتا ہے، یوم تکبیر بیرونی دشمنوں کے ساتھ ساتھ ایسے اندرونی دشمنوں، جو ملک میں انتشار کی سیاست سے اس ملک کو خطرے سے دوچار کرنا چاہتے ہیں، انکے ناپاک عزائم کو ہمیشہ ناکام بنانے کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 28 مئی یوم تکبیر، اس وقت کے وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف اور پاک فوج کے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے کے اقدام کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے، اس دن ہم ذوالفقار علی بھٹو کے پاکستان کے ایٹمی پروگرام شروع کرنے اور اسے جاری و ساری رکھنے میں اہم کردار ادا کرنے والے سائنسدانوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت پوری پاکستانی قوم اس دن یہ عہد کرتی ہے کہ 28 مئی کو جس طرح اس ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا، ویسے ہی ہم شبانہ روز محنت سے اس ملک کی اقتصادی سلامتی کو یقینی بنائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ آئیں، آج کے روز ہم یہ عہد کریں کہ نہ صرف بیرونی دشمنوں، بلکہ پاکستان میں موجود 9 مئی جیسے واقعات سے انتشار کے خواہشمند عناصر کی شرپسندی کو اتحاد، تنظیم اور یقینِ محکم کے ساتھ ساتھ دن رات محنت سے ناکام بنائیں گے۔
پنجاب
پنجاب حکومت نے بھی یوم تکبیر پر عام تعطیل کا اعلان کیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جار ی کر دیا گیاہے ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق منگل کو ( آج ) پنجاب بھر کے تمام سرکاری دفاتر بند رہیں گے ۔
شاہ عالم مارکیٹ
دوسری جانب لاہور کی معروف شاہ عالم مارکیٹ کے صدر خواجہ عامر نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ منگل کو مارکیٹ کھلی رہے گی اور تمام کاروباری مراکز کھلے رہیں گے ۔
پنجاب یونیورسٹی
لاہور کی پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان کی جانب سے بھی جاری کر دہ بیان میں تصدیق کر دی گئی ہے کہ منگل کو تعلیمی ادارے میں چھٹی ہو گی جبکہ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی نے بھی یوم تکبیر کے موقع پر چھٹی کا اعلان کر دیاہے ، ترجمان کے مطابق امتحانات ملتوی کر دیئے گئے ہیں جس کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا ۔اس کے علاوہ انٹر میڈیٹ کے داخلوں کی تاریخ بھی بڑھا دی گئی ہے ۔