نیشنل ہائی وے اتھارٹی ( این ایچ اے ) نے ٹول ٹیکس میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
این ایچ اے کی جانب سے قومی شاہراہوں پر ٹول ٹیکس میں اضافہ کیا گیا ہے جس کا نوٹیفیکشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کار کا ٹول ٹیکس 30 روپے سے بڑھا کر 40 روپے کر دیا گیا ہے جبکہ ویگن کا 50 سے بڑھا کر 70 اور بسوں کا 100 سے بڑھا کر 130 کردیا گیا ہے۔
آرٹیکولیٹڈ ٹرکوں کا ٹول ٹیکس 100 روپے کے اضافے کے بعد 250 سے بڑھ کر 350 ہوگیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور تا عبدالحکیم موٹروے ایم تھری پر کار کیلئے ٹول ٹیکس 500 جبکہ ویگن کیلئے 750 روپے ہوگیا اور ٹرک کیلئے 2500 روپے کر دیا گیا ہے۔
فیصل آباد تا ملتان موٹروے ایم فور پر کار کا ٹول ٹیکس 650، ویگن کا ایک ہزار اور ٹرکوں کا 3200 روپے کر دیا گیا ہے۔
موٹروے ایم فائیو پر کار کا ٹول ٹیکس 900 روپے، ویگن کا 1300 اور ٹرکوں کا 4500 روپے مقرر کیا گیا ہے۔