وفاقی وزیر نجکاری و سرمایہ کاری عبدالعلیم خان نے پاک ، کویت باہمی اشتراک اور سرمایہ کاری کے نئے دورکا آغاز ہونے کی نوید سنا دی۔
وزیر نجکاری و سرمایہ کاری عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ پاک ، کویت باہمی اشتراک اور سرمایہ کاری کے نئے دور کا آغاز ہوگا اور تاجر برادری کو اعتماد میں لے کر نجی شعبے کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھایا جائے گا۔
عبدالعلیم خان کی قیادت میں اعلیٰ سطح کا وفد کویت جائیگا اور انکی ہدایت پر دورہ کویت کا ایجنڈہ بھی تیار کرلیا گیا ہے۔
اس حوالے سے مشاورتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان نے کہا دورے کے دوران پاکستان اور کویت کے درمیان تجارت اور افرادی قوت میں اضافے پر بات چیت ہوگی جبکہ ڈیری فارمنگ، میٹ پراڈکس اور رائس کیلئے ایکسپورٹ کمپنیوں کو آن بورڈ لیا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ کویت حکام سے پاکستان سے ہیلتھ پروفیشنلز اور اسکلڈ لیبرکیلئے بھی بات چیت ہوگی۔
عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ وزارت تجارت کے اشتراک سے دورہ کویت کو مفید تر بنایا جائے۔
دورہ کویت میں پاکستانی وفد کی کویتی وزیراعظم اور خارجہ، توانائی اور پٹرولیم کے وزراء سے ملاقاتیں متوقع ہیں جبکہ مختلف وزارتوں کے مابین مشترکہ حکمت عملی اور مختلف منصوبوں پر مذاکرات بھی ہوں گے۔