پنجاب کابینہ نے ریاستی اداروں کے خلاف نفرت انگیز بیانیے پر بانی پی ٹی آئی و دیگر کیخلاف قانونی کارروائی کی منظوری دے دی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت پنجاب کابینہ کا آٹھواں اجلاس ہوا جس میں مختلف اتھارٹیز میں افسران کی تعیناتی اور دوران ملازمت وفات پانے والے پولیس افسران کے اہل خانہ کیلئے مالی امدادکی منظوری بھی دی گئی۔
کابینہ اجلاس میں پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد علی خان کی تعیناتی، روڈا کے دو ٹیکنیکل ایکسپرٹس طاہرمسعود اور شیخ محمد محمود کی نامزدگی اور 12 رکنی کابینہ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے یونیورسل ہیلتھ انشورنس کی تشکیل نو کی منظوری بھی دی گئی۔
پنجاب رورل سسٹین ایبل واٹر سپلائی اینڈ سینی ٹیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی حیثیت سے تعیناتی ، سرگودھا میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے قیام اور پنجاب انوائرمنٹ کلائمنٹ چینچ انڈومنٹ فنڈ کمپنی کے قیام کی منظوری بھی دی گئی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے رنگ روڈ سدرن لوپ تھری کا باقاعدہ آغاز کیا اور اڈا پلاٹ سے ملتان روڈ انٹر چینج تک سڑک کا معائنہ کیا جبکہ ایک ماہ کیلئے ایس ایل تھری پر ٹول ٹیکس معاف کرتے ہوئے ایس ایل فورکے لئے فوری اقدامات کی ہدایت بھی کر دی۔
ملاقاتیں
علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سے رکن قومی اسمبلی شذرا منصب اور سابق ایم این اے چوہدری عابد رضا کوٹلہ نے ملاقات کی اور اپنے حلقے کےمسائل بتائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے بھی ملاقات کی جس کے دوران مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستانی سمندری حدود کا دفاع کرنیوالے پاک نیوی کے جانباز قابل تحسین ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پاکستان نیوی کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔