متحدہ عرب امارات ( یو اے ای ) نے پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرادی۔
ڈولتی معیشت کو سنبھالنے کیلئے وزیراعظم کے اقدامات کے نتیجے میں سفارتی محاذ پر بڑی کامیابی مل گئی ہے اور متحدہ عرب امارات پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کو تیار ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کی یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ابوظہبی میں ملاقات ہوئی جس کے دوران صدر نے پاکستان میں سرمایہ کاری کی یقین دہانی کرائی۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق ملاقات میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر دفاع خواجہ آصف اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیر اعظم کے ہمراہ شریک تھے۔
اس اہم ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سیاسی تعلقات، اقتصادی اور دفاعی شعبوں میں تعاون پر بھی گفتگو ہوئی۔
وزیر اعظم شہبازشریف نے یواے ای کے ساتھ مختلف شعبوں میں شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا۔
شہباز شریف نے آئی ٹی، قابل تجدید توانائی اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کا عزم دہرایا اور توانائی، پورٹ آپریشنز،غذائی تحفظ۔، مواصلات، معدنیات، بینکنگ اور مالیاتی سروسز میں یو اے ای کی سرمایہ کاری پر عملدرآمد یقینی بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔