ترجمان فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر ) محمد بخیتار کا کہنا ہے کہ ریونیو بورڈ انکم ٹیکس جنرل آرڈر سمیت ٹیکس قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔
نان فائلرز کی موبائل سمز بلاک کرنے کے معاملے میں تیزی آگئی ہے اور ترجمان ایف بی آر محمد بخیتار کے مطابق اب تک 11 ہزار 252 سے زائد موبائل سمز بلاک کی جا چکی ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ موبائل سمز انکم ٹیکس جنرل آرڈر کے تحت بلاک کی گئیں اور آج مزید موبائل سمز بلاک کی جائیں گی۔
محمد بختیار کا کہنا تھا کہ نان فائلرز کی فہرست میں پانچ لاکھ چھ ہزار چھ سو اکہتر افراد کے نام شامل ہیں، یہ فہرست پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور نجی ٹیلی کام کمپنیوں کے ساتھ شیئر کی جا چکی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نان فائلرز کی موبائل سمز چھوٹے گروپس یا بیچز میں بلاک کی جائیں گی ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایف بی آر ٹیکس کلچر کے فروغ کیلئے پر عزم ہے اور ٹیکس قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔