ایران کے ساتھ چاہ بہاربندرگاہ کا معاہدہ کرنے پر امریکا نے بھارت پر پابندیوں کا عندیہ دے دیا۔
واشنگٹن میں نیوز بریفنگ کے دوران نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ویدانت پٹیل کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ معاہدے کرنے والے ممالک پابندیوں کی زد میں آسکتے ہیں۔
نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ ایران پر امریکی پابندیاں برقرار ہیں ۔ اور ان کا نفاذ جاری رہے گا ۔ ایران سے معاہدہ کرنیوالوں کو ممکنہ خطرات سے آگاہ رہنا چاہیے ۔ بھارت ان پابندیوں سے مستثیٰ نہیں۔
واضح رہے کہ ایران کی چاہ بہار بندرگاہ کے انتظام کے لیے بھارت نے ایران سے 10 سال کا معاہدہ کرلیا۔ بھارت ایرانی بندرگاہ کا انتظام دس سال تک سنبھالے گا۔ بھارت مغربی اور وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارت کے فروغ کا خواہاں ہے۔ اورایرانی بندرگاہ کا انتظام سنبھالنے سے بھارت وسط ایشیا تک کراچی اور گوادر کی بندرگاہوں سے گزرے بغیر جاسکے گا۔