وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں زراعت، غذائی تحفظ ،انفارمیشن ٹیکنالوجی ، سیاحت ،کان کنی اور دیگر شعبوں میں بے پناہ استعداد ہے، ہم حکومتی گورننس کے ڈھانچے اور ادارہ جاتی اصلاحات کی طرف گامزن ہیں۔
وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ہفتہ کو ملاقات کی ۔ ملاقات میں اکنامکس اینڈ ایویلیوایشن ڈائریکٹوریٹ ، فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈویلپمنٹ آفس لندن کے چیف اکانومسٹ و ڈائریکٹر پروفیسر عدنان خان بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف نے برطانوی ہائی کمشنر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں،پاکستان برطانیہ اور دیگر ممالک سے سرمایہ کاری کا خواہاں ہیں، وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں زراعت ، غذائی تحفظ ،انفارمیشن ٹیکنالوجی ، سیاحت ،کان کنی اور دیگر شعبوں میں بے پناہ استعداد ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم حکومتی گورننس کے ڈھانچے اور ادارہ جاتی اصلاحات کی طرف گامزن ہیں جبکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ڈیجیٹائزیشن حتمی مراحل میں ہے اور ملکی معیشت کی بحالی کے لئے میکرو اور مائیکرو اکنامک سطح پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
اس موقع پر برطانوی وفد نے حکومت پاکستان کی جانب سے ایجوکیشن ایمرجینسی کے اقدام کو سراہا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔