سانحہ 9 مئی کو ایک سال ہونے پر افواج پاکستان کا ردعمل سامنے آنے کے بعد وفاقی حکومت بھی متحرک ہوگئی۔ سانحہ کے کرداروں کو بھرپور جواب دینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس 9 مئی کو پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کرلیا گیا۔ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنےکیلئے جناح کنونشن سنٹراسلام آباد میں بڑی تقریب کا انعقاد کیاجائے گا ۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کابینہ کے فورم سے نو مئی واقعہ پر خصوصی پیغام دیں گے۔ کابینہ اجلاس میں 9 مئی کو سیاہ دن قرار دیاجائےگا اور شہداء سے یکجہتی کا اظہار کیاجائے گا۔
وفاقی کابینہ پارلیمنٹ کی بالادستی اور جمہوری رویوں کے فروغ پر زور دے گی، 9 مئی کو شہداء کوخراج عقیدت پیش کرنےکی تقریب میں فوج ، پولیس، سیکیورٹی اداروں اور دہشتگردی کا مقابلہ کرنے والے شہداء کے خاندان مدعو ہوں گے۔
تقریب میں وزیراعظم اور کابینہ ارکان شرکت کریں گے ۔ شہباز شریف اپنے خطاب میں اہم پالیسی بیان بھی دیں گے ۔ تقریب کا عنوان ''بےحرمتی ان کی گوارا نہیں ہونے دینا اب دوبارہ نہیں'' رکھا گیا ہے، تقریب میں سول،عسکری قیادت سمیت سفارت کار بھی شرکت کریں گے ۔