نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان کو بیرونی اسپانسرڈ دہشتگردی کا سامنا ہے۔ بھارتی رہنماؤں کے حالیہ بیانات علاقائی استحکام کیلئے خطرہ ہیں۔
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کو بیرونی اسپانسرڈ دہشتگردی کا سامنا ہے۔ بھارتی رہنماؤں کے پاکستان مخالف بیانات علاقائی استحکام کیلئے خطرہ ہیں۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہاہے۔ اوآئی سی جموں وکشمیر سے متعلق ایکشن پلان پرعملدرآمد کرے۔
اسحاق ڈار نے غزہ میں اسرائیل کے وحشیانہ حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے او آئی سی ممالک سے جنگ بندی اور انسانی امداد کیلئے مل کر کام کرنے کا مطالبہ کیا۔ وزیرخارجہ نے خودمختار فلسطینی ریاست،اقوام متحدہ میں مکمل رکنیت کیلئے حمایت کا اعادہ کیا۔
وزیرخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ اسلاموفوبیا اور مسلمانوں کیخلاف امتیازی سلوک کی مذمت کرتے ہیں، اوآئی سی کی جانب سے اسلاموفوبیا پر خصوصی ایلچی کی تقرری قابل ستائش ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اوآئی سی عالمی اقتصادی ترقی میں اہم کردارادا کرسکتی ہے، او آئی سی رکن ممالک ماحولیاتی تبدیلی جیسے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ملکرکام کریں۔