کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں دفتر میں لڑکی کو قتل کرکے نوجوان کے خودکشی کرنے کے معاملے کی تحقیقات میں پیش رفت سامنے آگئی۔ فائرنگ کا واقعہ رشتہ نہ دینے پر پیش آیا۔
نارتھ ناظم آباد ایل بلاک میں شپنگ کمپنی کے دفتر میں فائرنگ کے واقعہ کی تحقیقات میں نیا موڑ سامنے آیا۔ نوجوان برہان نے فضاء نامی کو ٹارگٹ کرکے فائرنگ کی۔
ایک ہی دفتر میں گزشتہ 6 ماہ سے کام کرنے والے برہان نے ڈھائی ماہ قبل فضاء کے گھر رشتہ بھیجا تھا۔ پولیس نے فضا اور برہان کے تحویل میں لئے گئے موبائل فونز کا لاک کھلوانے کے لئے سافٹ وئیر ماہر کو طلب کرلیا ہے۔ جس سے واٹس ایپ اور دیگر ایپس پر کی گئی بات چیت کا ڈیٹا دیکھا جا سکے گا۔
پولیس نے دونوں کے کال ڈیٹا ریکارڈ بھی حاصل کرلیا۔ گزشتہ ایک ماہ میں سم کالنگ پر دونوں کے درمیان کوئی بات نہیں ہوئی۔ منگل کی شام دفتر میں فائرنگ کرکے برہان نے پہلے فضاء کو چار گولیاں مار کرقتل کیا تھا پھر خودکشی کرلی تھی۔
پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ منگل کو برہان نے آفس سے کچھ دیر کی چھٹی لی اور کورنگی گیا جہاں سے واپسی پر وہ پسٹل اپنے ساتھ لایا اور دفتر میں داخل ہونے کے بعد میز نائن فلور پر فضا پر فائرنگ کی جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئی جس کے بعد گراؤنڈ فلور پر جا کر اس نے خودکشی کرلی۔