پاکستان نے پانچویں اور آخری ٹی ٹوینٹی میچ میں نیوزی لینڈ کو 9رنز سے شکست دیتے ہوئے سیریز 2-2 سے برابر کر دی ۔
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم پاکستان کی جانب سے دیئے گئے 179 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 169رنز بنانے میں کامیاب ہوئی جس میں اوپنر ٹم سیفرٹ 52 رنز کے ساتھ سر فہرست رہے جبکہ مائیکل بریسویل 23 ، جیمز نیشام 16 ، مارک چیپمین 12 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے ان کے علاوہ کوئی اور کھلاڑی خاطرخواہ کارکردگی دکھانے میں کامیاب نہیں ہو سکا ۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی آج مخالف ٹیم پر قہر بن کر برسے اور 4 وکٹیں اُڑائیں جبکہ اسامہ میر 2 ، شاداب خان ایک اور عماد وسیم بھی ایک کھلاڑی کو آوٹ کرنے میں کامیاب ہوئے ۔
اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی جس پر قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے جس میں بابراعظم 44 گیندوں پر 69 رنز کے ساتھ سرفہرست رہے جبکہ فخر زمان نے 43 ، شاداب خان نے 15 اور عثمان خان نے 31 رنز کی اننگ کھیلی ۔
بابراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ ہی کرتے، پچ اچھی لگ رہی ہے180سے190رنزکا ٹوٹل اچھا ہوگا، پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، زمان خان کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو شامل کیا گیا، آج کا میچ جیتنے کیلئے پرعزم ہیں، ہم نے سیریز میں کافی کمبی نیشن آزمائے۔
نیوزی لینڈ کی ٹیم میں آج کے میچ کیلئے تین تبدیلیاں کی گئیں ہیں۔