انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا ایک اور عالمی ریکارڈ بن گیا۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 260 سے زائد کا ہدف عبور کیا گیا۔
جمعہ کو آئی پی ایل کی ٹیم پنجاب کنگز نے ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے میچ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں سب سے بڑے کامیاب رنز کے تعاقب کا ریکارڈ بنا دیا۔
میچ میں پنجاب کنگز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، کولکتہ نے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 262 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف کھڑا کر دیا۔ کولکتہ نائٹ رائیڈرز کی جانب سے فل سالٹ نے 37 گیندوں پر 75، سنیل نارائن نے 32 گیندوں پر 71 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔
پنجاب کنگز نے 262 رنز کے ہدف کے تعاقب میں تابڑ توڑ بیٹنگ کی اور مطلوبہ ہدف با آسانی 19 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر عبور کر کے عالمی ریکارڈ بنا دیا۔
پنجاب کنگز کی جانب سے جونی بیئر اسٹو نے 48 گیندوں پر 108 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ ان کا ساتھ دیاششانک سنگھ نے جو 28 گیندوں پر 68 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔