انجمن تاجران نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر ) کو ٹیکس ریونیو اکٹھا کرنے کی راہ میں بڑی رکاوٹ قرار دے دیا۔
صدر انجمن تاجران مجاہد مقصود بٹ کی زیر صدارت ایگزیکٹو باڈی کا اجلاس ہوا جس میں شرکاء نے وزیر اعظم شہباز شریف سے کراچی کے بعد لاہور کے تاجروں سے بھی میٹنگ کرنے کا مشورہ دیا۔
اجلاس میں حکومت کی تاجر دوست ایپ سکیم اور ایف بی آر سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ بلاوجہ چھاپوں کی شدید مذمت کی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مجاہد مقصود بٹ کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کے افسران کی غنڈہ گردی ٹیکس اکٹھا کرنے کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے، وزیراعظم شہباز شریف تاجروں کو بلاوجہ ہراساں کرنے کا نوٹس لیں۔
صدر انجمن تاجران کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کے افسران حکومتی پالیسیوں کو ناکام بنانا چاہتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تاجر ٹیکس دینا چاہتے ہیں لیکن بیوروکریسی رکاوٹیں پیدا کر رہی ہے۔