لاہور پولیس کی جانب سے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو 9 مئی کے اہم مقدمات میں شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری 9 مئی کے حوالے سے درج مقدمات میں گرفتار ملزمان کے بیانات کی روشنی میں شامل تفشیش کیا جائے گا کیونکہ ملزمان کے بیانات میں ان کے واقعات میں ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق فواد چوہدری نے تمام مقدمات میں عبوری ضمانت کروا رکھی ہے ، تحریک انصاف کے رہنماء کچھ مقدمات میں شامل تفتیش نہیں ہوئے۔
حکام کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کو تھانہ سرور میں درج مقدمہ 97/23 میں شامل تفتیش کیا جائے گا جبکہ ماڈل ٹاؤن میں درج مقدمہ 366/23 میں بھی دوبارہ شامل تفتیش کیا جائے گا۔
تھانہ سرور روڈ کے مقدمہ 103/23 میں بھی شامل تفتیش کیا جائے گا۔
حکام نے مزید بتایا کہ فواد چوہدری کے خلاف درج مقدمات اور تفتیش کی تفصیلات کا ازسرنو جائزہ لیا گیا۔