پنجاب کے سرکاری و نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کیلئے ایم ڈی کیٹ میں 55 فیصد تک نمبر لینا لازمی قرار دیدیا گیا۔ محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کے نوٹیفکیشن کے مطابق نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے داخلے بھی یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کرے گی۔
پنجاب کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کیلئے اہم فیصلہ کرلیا گیا، سرکاری، نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کے داخلے بھی یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کرے گی۔
پنجاب نگران کابینہ کی منظوری کے بعد محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس کے مطابق داخلے میں ایم ڈی کیٹ کے نمبروں کا حصہ 50 فیصد، ایف ایس سی 40 فیصد اور میٹرک 10 فیصد ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے ایم ڈی کیٹ میں 55 فیصد نمبر لینا لازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ ڈینٹل کالجوں کیلئے 50 فیصد نمبر لینا لازمی ہوگا۔
محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کے نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال کے ایم ڈی کیٹ کے نتائج رواں برس داخلے کیلئے قابل قبول نہیں ہوں گے، داخلے کیلئے ایف ایس سی یا مساوی امتحان میں کم سے کم 60 فیصد نمبر لینا لازمی ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق طلبہ پبلک اور پرائیویٹ کالجز دونوں کیلئے یو ایچ ایس کے آن لائن داخلہ پورٹل پر درخواست دیں گے، امیدوار درخواست فارم میں تمام کالجوں کی چوائس دے سکیں گے، لسٹ میں نام آجانے پر امیدوار کو تین دن کے اندر کالج فیس جمع کرانا ہوگی۔
محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کا کہنا ہے کہ سرکاری میڈیکل کالجوں کے داخلے 31 دسمبر تک مکمل کئے جائیں گے جبکہ پرائیویٹ میڈیکل کالجوں کے داخلے 31 جنوری تک مکمل ہوں گے، سرکاری ڈینٹل کالجوں کے داخلے 15 فروری تک اور پرائیویٹ ڈینٹل کالجوں کے داخلے 28 فروری تک مکمل کئے جائیں گے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ سرکاری میڈیکل کالجوں میں داخلے پنجاب کے ڈومیسائل کی بنیاد پر ہوں گے۔