حکومت نے عوامی تنقید کا رخ موڑنے کے لیے تیل کمپنیوں کو قیمتوں کا تعین کرنے کا اختیار دینے پر غور شروع کردیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور تیل کی مصنوعات کی اسمگلنگ پر آئل انڈسٹری کی شکایات کے تناظر میں حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹرولیم ڈویژن نے ایک ہدایت میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) سے کہا ہے کہ وہ تین روز اس حوالے سے ایک پریزنٹیشن پیش کرے۔
حکام کا مؤقف ہے کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عوامی تنقید کی زد میں رہ چکی ہے حالانکہ اسے اتنی آزادی نہیں کہ وہ قرض دہندگان کی طرف سے مقرر کردہ قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار کے تحت مختلف مصنوعات پر مقررہ ٹیکس کی شرح کو تبدیل کرسکے۔
اس تمام معاملے میں حکومت کا واحد کردار اوگرا کی جانب سے طے کیے گئے اضافے کا اعلان کرنا ہے، تیل کی مصنوعات میں اضافہ یا کمی بین الاقوامی مارکیٹ اور شرح تبادلہ کے اثرات کا نتیجہ ہوتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق حتمی ڈی ریگولیشن فریم ورک وفاقی کابینہ اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی منظوری سے سامنے آئے گا لیکن پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں کی ڈی ریگولیشن کا مطلب یکساں قیمتوں کا خاتمہ ہوگا جس کے بعد تیل کمپنیاں مختلف شہروں اور قصبوں کے لیے اپنی قیمتیں مقرر کرنے کے لیے آزاد ہو جائیں گی۔