عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ کہ ایران کی جانب سے ہفتے کے آخر میں اسرائیل پر کئے جانے والے حملے کے بعد پیر کو تیل کی قیمتوں میں بھاری اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا اور یو بی ایس کے تجزیہ کار جیوانی سٹونووو کا کہنا تھا کہ تیل کی قیمتیں ٹریڈ کے آغاز کے وقت بڑھ سکتی ہیں۔
تاہم، اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی نہ بڑھنے کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق برینٹ فیوچر 70 سینٹس یا تقریباً 0.8 فیصد گر کر 89.75 ڈالر فی بیرل جبکہ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ فیوچر کی قیمت 74 سینٹ یا تقریباً 0.9% کم ہو کر84.92 ڈالر کی سطح پر ریکارڈ کی گئی۔
اتوار کو ٹریڈ بند ہونے سے قبل یو ایس ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کروڈ فیوچر 64 سینٹ بڑھ کر 85.66 ڈالر کی سطح پر ریکارڈ کیا گیا تھا۔
اس سے قبل دمشق میں اپنے سفارت خانے کے احاطے پر حملے پر ایران کی طرف سے ردعمل کی تشویش کے باعث گزشتہ ہفتے تیل کی قیمتوں اضافہ دیکھنے کو ملا اور جمعہ کو عالمی بینچ مارک برینٹ کروڈ 92.18 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا تھا جو اکتوبر کے بعد سب سے زیادہ اضافے کی سطح تھی۔