وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ رواں سال حج پر رہائش ، کھانے اور ٹرانسپورٹ کے حوالے سے بہتر اقدامات کریں گے۔
گجرات میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کا کہنا تھا کہ اگر اختیار میرے پاس ہوتا تو پرویز الہیٰ کو ابھی ریلیف دے دیتا، ان کے وکیل عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں، ریلیف کا فیصلہ وہی کریں گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ الیکشن میں کیے وعدے اور 5سالہ حکومتی مدت پوری کریں گے، حکومت کیلئے مشکلات ضرور ہیں مگر آنے والا وقت بہتری لائے گا، سیاسی جماعتوں کو اندازہ ہے بہتر کارکردگی نہ دکھائی تو سیاسی کیرئیر ختم ہو جائے گا۔
چوہدری سالک حسین کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کیساتھ بہترین کوآرڈنیشن ہے، ان کا 16اضلاع میں سیوریج پراجیکٹ احسن فیصلہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ چینی اہلکاروں کی ہلاکت سے پاک چین تعلقات اور پراجیکٹس کو بڑا جھٹکا لگا، ہم 1سال پیچھے چلے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حج پر رہائش ،کھانے اور ٹرانسپورٹ کے حوالے سے وزارت بہتر اقدامات کرے گی، حاجیوں کی خدمت کیلئے خود بھی انکے ساتھ جاؤں گا، وقتی خوش کے لیے ماضی میں قرض لے کر پٹرول پر سبسڈی دی گئی، 5 سالوں میں سابقہ حکومت نے اتنا قرض لیا جتنا پاکستان بننے تک نہیں لیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ غزہ کے معصوم بچوں خواتین کی نعشوں کے پار پر امت مسلمہ کی خاموشی حیران کن ہے، اسرائیلی وزیر اعظم کھلم کھلا یونائیٹڈ نیشن قرار داد کی خلاف ورزی کررہا ہے، پاکستانی قوم کو عید کی خوشیاں مبارک مگر سوچنا چاہیے کہ ملک کس سمت جارہا ہے۔