وزیراعظم عمرے کی سعادت حاصل کرنے کیلئے سعودی عرب گئے ہوئے ہیں جہاں انہوں نے روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر حاضری دیتے ہوئے ملک و قوم کی ترقی وخوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔ انہوں نے فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں بھی دعا کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پرحاضری دی، روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر سلام پڑھا اور ملک کی ترقی وخوشحالی کے لیے دعائیں کیں۔ وزیراعظم نے مسجد نبویﷺمیں نمازعشا اورنوافل اداکئے۔
قبل ازیں وزیراعظم شہبازشریف منصب سنبھالنے کے بعد پہلےغیرملکی دورے پر گزشتہ روز سعودی عرب پہنچ گئے، سعودی عرب پہنچنے پر وزیراعظم شہبازشریف کا استقبال گورنر شہزادہ سلمان بن سلطان آل سعود نے کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وفاقی وزرا بھی وزیراعظم کےہمراہ ہیں، شہبازشریف کمرشل فلائٹ سے سفر کیا اور اس دوران وہ پرواز میں مسافروں سے گھل مل گئے ، مسافروں نے شہبازشریف کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں ، وزیراعظم نے اس موقع پر بچوں اور بچیوں کے سر پر ہاتھ رکھا اور حال احوال پوچھا۔
شہبازشریف عمرہ ادا کرنے کے علاوہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے اہم ملاقات بھی کریں گے۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ ملاقات میں دو طرفرہ تعلقات اور سرمایہ کاری کے امور پر بات چیت ہو گی جبکہ عالمی اور علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔
شہبازشریف کے ہمراہ سعودی عرب جانے والے وفد میں وفاقی کابینہ کے اراکین اسحاق ڈار ، خواجہ آصف، محمد اورنگزیب ، عبدالعلیم خان، عطاءاللہ تارڑ اور احد چیمہ بھی شامل ہیں ۔