وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ امن کی خواہش کوکمزوری نہ سمجھا جائے، دفاع کرناجانتےہیں۔
بھارتی وزیردفاع راج ناتھ سنگھ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت کاکوئی ادھار نہیں چھوڑیں گے، بین الاقوامی سطح پر آواز اٹھانے کے علاوہ خود بھی جواب دیں گے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ پاکستان میں بھی دہشتگردی کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں، سیاسی مجبوریوں کی وجہ سےوہ کشیدگی بڑھاناچاہ رہےہیں، سیاسی فوائد حاصل کرنے کیلئے بھارتی وزیر بیانات دےرہے ہیں۔
وزیردفاع کا کہنا تھا کہ بھارت کی دہشت گردی عالمی سطح پر سامنے آچکی ہے، کینیڈا میں بھی بھارت نے سکھ رہنماکوقتل کیا تھا۔ بھارت ایڈونچرکی کوشش کرے گا تو منہ توڑجواب دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کا حساب ہم نے ہمیشہ فوری طور پر چکایا ہے، بھارت کے ساتھ جو پہلے ہوا تھاوہی دوبارہ ہوگا،2019 میں خیرات میں بھارت کا پائلٹ واپس کیاتھا، پلوامہ واقعہ پربھی دراندازی کی کوشش کی تھی۔
واضح رہے کہ برطانوی اخبار گارجین کی طرف سے بھارت پر پاکستان میں ٹارگیٹ کلنگز کا الزام لگائے جانے پر اپنے ردِعمل میں راج ناتھ سنگھ نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا مخالف لوگوں کو پاکستان میں بھی نشانہ بنانا پڑا تو بنائیں گے۔