وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اہم ترین اجلاس ہوا جس دوران ن لیگ ، پیپلز پارٹی اور سمیت دیگر اراکین اسمبلی نے شرکت کی ،اجلاس میں سینٹ کے الیکشن کی حکمت عملی پر غور سمیت الیکشن کا طریقہ کار بیان کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پیپلز پارٹی کے طرف سے خاتون امیدوار کو خیر سگالی کے طور دستبردار ہونے کو سراہا گیا اور اس دوران ارکان اسمبلی نے تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ سب کی وزیر اعلیٰ ہوں ساتھ مل کر چلیں گے،ہمارا عزم پورے پنجاب کی ترقی ہے، کوئی علاقہ ترقی سے محروم نہیں رہے گا۔
اس موقع پر علی حیدر گیلانی نے کہا کہ ہماری خاتون امیدوار دستبردار ہوچکی ہیں ،بشری بٹ اور انوشے رحمان کو ووٹ دینگے۔ غضنفر عباس چھینہ کا کہناتھا کہ آئی پی پی مسلم لیگ ن کے امیدوار وں کو ووٹ دینگے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ سینٹ کے لئے حمایت کرنے پر سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں ، مصدق ملک نے کہا کہ ہر کامیابی کا سہرا قائد محمد نواز شریف کے سر ہے۔