نگراں پنجاب حکومت نے صوبے میں آشوب چشم کے پھیلاؤ کے باعث تعلیمی اداروں میں تعطیل کا اعلان کردیا۔
وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے کل سکولوں میں چھٹی کااعلان کردیا ہے۔میٹرک کلاسز تک کے تمام طالب علموں کوچھٹی ہوگی۔ پیر سے اسکولز کے گیٹ پر طلبا کی چیک آپ ہوگی۔
یاد رہے کہ لاہور سمیت پنجاب میں آشوب چشم کا پھیلاؤ تیزی سے جاری ہے۔ محکمہ صحت پنجاب نے صوبے بھر کے لیے گائیڈ لائنز بھی جاری کردیں۔ ڈی جی ہیلتھ پنجاب نے تمام ضلعی اتھارٹیز کو مراسلہ جاری کردیا۔
محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ آنکھوں کے انفیکشن سے شہری متاثر ہورہے ہیں۔ انفیکشن کے حوالے سے محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ کھانسی، چھینک اور ہاتھ لگانے سے وائرس منتقل ہوتا ہے۔
حفاظتی تدابیر اپنانے کا مشورہ دیتے ہوئے محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ ہاتھ دھوئے بغیر آنکھوں کو ہاتھ مت لگائیں۔ آنکھوں کے انفیکشن والے مریض کی چیزیں استعمال نہ کی جائیں۔ مریض کا تکیہ، کپڑے، ادویات، عینک کو الگ رکھا جائے۔ مریض انفیکشن کے دوران چہرے کے استعمال کی چیزوں کو دوبارہ استعمال نہ کریں۔