پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری آج ایسٹر کا تہوار مذہبی جوش و جذبے سے منا رہی ہے، اس سلسلے میں گرجا گھروں میں عبادات کا اہتمام کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ایسٹر روزوں کے ایام کے بعد منایا جانے والا مسیحی تہوار ہے، مسیحی خاندانوں کیلئے آج کا دن فیملی ری یونین کے طور پر بھی ایک یادگار دن سمجھا جاتا ہے۔
پاکستان میں بھی گرجا گھروں میں ایسٹر عبادات اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا جارہا ہے جبکہ ملک کی سلامتی اور خوشحالی کی دعائیں بھی کی جارہی ہیں۔
صدرمملکت آصف علی زرداری نے ایسٹر پر مسیحی برادری کومبارکباد دی ہے، صدرآصف زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایسٹر کا تہوار امید،محبت اور خوشحالی کاپیغام لاتاہے، مسیحی برادری پاکستان کاقیمتی اثاثہ ہے، مسیحی بھائیوں، بہنوں نے ملکی ترقی، خوشحالی میں بڑھ چڑھ کرحصہ لی۔
صدرمملکت کا کہنا ہے کہ پاکستان کی ترقی میں اقلیتوں کا کردار سراہتے ہیں، آئین پاکستان تمام اقلیتوں کے حقوق کی ضمانت دیتا ہے، پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، خوشحالی کےاقدامات کیلئے پرعزم ہے، ملکی ترقی وخوشحالی کیلئے اقلیتوں سمیت پوری قوم کوملکرکام کرنا ہوگا۔
صدراستحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے بھی مسیحی برادری کوایسٹرکی مبارکباد دی ہے، وفاقی وزیرعبدالعلیم خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایسٹرکا تہوار محبت،امن اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے، ملک وقوم کیلئےمسیحی برادری کی بے پناہ خدمات ناقابل فراموش ہیں، ایسٹر پر ہم سب مسیحی بھائیوں کی خوشیوں میں برابرکے شریک ہیں۔





















