پاکستان کی معروف اداکارہ صاحبہ کی چند دن قبل اپنے حقیقی والد سے پہلی ملاقات کی خبریں اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر صارفین کی توجہ کا مرکز رہیں تاہم اب اداکارہ کی والدہ نشو بیگم کی اس ملاقات سے متعلق آڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ اس ملاقات کے بارے میں کھل کر گفتگو کرتے ہوئے احوال بیان کر رہی ہیں ۔
ادکارہ نشو بیگم کی سابقہ شوہر ربانی سے بیٹی صاحبہ کی پیدائش سے قبل ہی طلاق ہو گئی تھی اور خاندانی مسائل کے باعث اداکارہ صاحبہ نے کبھی اپنے والد کو نہیں دیکھا تھا تاہم اب یہ فاصلے دہائیوں بعد ختم ہوئے اور ان کی پہلی ملاقات ہوئی ۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی آڈیو میں ادکارہ صاحبہ کی والدہ نشو بیگم کہتی ہیں کہ صاحبہ کے شوہر ریمبو کراچی میں کسی شو کیلئے گئے ہوئے تھے تو انہیں وہاں ایک کال موصول ہوئی جس میں ان سے کہا گیا کہ آپ اپنے سسر سے مل لیں ، جس پر ریمبو نے صاحبہ سے پوچھا کہ تم ملنا چاہتی ہو؟ صاحبہ نے جواب دیا کہ میری ماں نے مجھے پالا ، میری اچھی تربیت کی اور میری شادی کی ، میں اپنے گھر میں خوش ہوں اور مجھے کوئی ضرورت نہیں ہے ۔
اداکارہ نشو کا کہناتھا کہ ریمبو نے صاحبہ پر زور دیا کہ تم ایک بار اپنے والد سے مل لو ۔صاحبہ نے فرمانبرداری کا مظاہر کرتے ہوئے مجھ سے پوچھا کہ امی میں انہیں ملوں یا نہیں ، میں نے کہا کہ بیٹا آپ ضرور ملو۔ انہوں نے کہا کہ اللہ نے جب کسی شخصیت کو اختیارت دیئے ہوں تو اسے چاہیے کہ اس کا غلط استعمال نہ کرے، میں نے صاحبہ سے کہا کہ میرارشتہ تھا جو کہ ٹوٹ گیا لیکن تمہارا ان کے ساتھ باپ کا رشتہ ہے وہ کبھی ٹوٹ نہیں سکتا ۔
صاحبہ اپنے والد سے ملی اور وہ جتنے دن یہاں رہے اور صاحبہ سے ملنے آتے رہے میں اتنے دن ان کے گھر نہیں گئی ، وہ وی لاگ بناتی رہی اور اس نے اپنے ہاتھ سے انہیں کھان بھی بنا کر کھلایا ۔
کال پر موجود دوسری جانب شخص اداکارہ نشو سے پوچھتا ہے کہ کیا صاحبہ کی والد کے ساتھ یہ پہلی ملاقات تھی ؟ جس پر انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایک بار ہم شادی میں گئے تو وہاں گجرات سے بھی لوگ آئے ہوئے تھے تو مجھے کسی نے کہا کہ ربانی بھی آئے ہیں اور وہ اپنی بیٹی کو دیکھنا چاہتے ہیں، اس وقت صاحبہ شائد چھ یا سات سال کی تھی ، وہ میرے سامنے آئے اور اجازت مانگی تو میں نے انہیں دیکھنے دیئے ، وہ ہاں بیٹھے صاحبہ کو دیکھتے رہے اور پھر چلے گئے ، اس وقت صاحبہ کو معلوم نہیں تھا کہ یہ شخص کون ہے ۔