مسلم لیگ نواز کے رہنما اور سابق وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ چیئرمین ارسا کی تعیناتی واپس کرانا ہمیں اچھا نہیں لگا۔
سماء کے پروگرام ’’ ریڈلائن ودطلعت ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی حکومت مضبوط بنانے اور چلانے کیلئے آصف زرداری کو ایوان صدر میں بٹھایا ہے، کسی بات کو تسلیم کرنا یا نہ کرنا وزیر دفاع خواجہ آصف کی اپنی رائے ہے، وزیرخزانہ اور وزیرداخلہ کی وجہ سے حکومت چلنے میں آسانی ہوگی اور آسانی ہی حکومت چلنے کی ضمانت ہے کیونکہ آسانی رہے گی تو حکومت کامیاب ہوگی، خواجہ آصف نے کہا وزیر خزانہ اور وزیر داخلہ ہمارےبندے ہیں تو ہماری نمائندگی کرتے ہیں۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ چیئرمین ارسا کی تعیناتی پر پاکستان پیپلز پارٹی کو وزیر اعظم سے خاموشی سے بات کرنی چاہیے تھی، چیئرمین ارسا کی تعیناتی واپس کرانا ہمیں اچھا نہیں لگا۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کا انتخاب اس لئے کیا گیا کیونکہ وہ چیزوں کو لے کر چلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، پارٹی میں رائے تھی ہم ایک نقصان اُٹھا چکے ہیں دوبارہ تجربہ نہیں کرنا چاہیے، شہباز شریف سمیت تمام قیادت تسلیم کرتی ہے ہم نے پولیٹیکل کیپٹل کا نقصان کیا، ہمارا بیانیہ ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کا تھا اور لوگوں نے اس بیانیے کو تسلیم نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ لوگ ڈیفالٹ سے بچانے کے بیانیے کو پوری طرح تسلیم کرتے تو سادہ اکثریت مل جاتی، اب مشکل ترین فیصلوں کے نتیجے میں ہوسکتا ہے لوگ ہماری غلطیاں معاف کردیں، اگر ایسا نہ کیا گیا تو یقین ہے ہم پہلے سے زدہ نقصان میں جائیں گے، ہم پوری جدوجہد کریں گے کامیابی اور ناکامی اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی پہلے کامیاب ہوجاتا تو ہمارا سیاسی وجود ختم کردیتا، اب بھی ان کے ارادوں میں کمی نہیں آئی، وہ جس طرح کی سیاست ہمارے ساتھ کرنا چاہتے ہیں ہم بھی وہی کریں گے، 9 مئی کے بعد پی ٹی آئی کیخلاف جو اقدامات کئے گئے اس سے انہیں الیکشن میں فائدہ ہوا، تحریک انصاف کا کیا ہوا بھی ہمارے کھاتے میں آگیا۔