جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کا قاتل ہے، قوم کو اس کے ساتھ تجارت قبول نہیں۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے وزیرخارجہ کے بھارت سے تجارت کرنے کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل تک ہندوستان سے تجارت کے حق میں نہیں ہیں۔
سراج الحق کا کہنا تھا وزیر خارجہ کے بس میں ہو تو اسرائیل سے کاروباری تعلقات قائم کرلیں۔
انہوں نے کہا کہ خطے کے ممالک کے ساتھ تجارت سمیت دوطرفہ تعلقات مضبوط کیے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جغرافیائی حیثیت اوروسائل کا فائدہ اٹھایا جائے، مسئلہ کشمیریوں کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔