چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کا اعلان کردیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران محسن نقوی نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی کی از سر نو تنظیم کی ہے، سلیکشن کمیٹی اب 7 افراد پر مشتمل ہو گی،نئی چیز یہ ہے کہ اب سلیکشن کمیٹی میں کوئی چیئرمین نہیں ہو گا۔
انہوں نے بتایا کہ سلیکشن کمیٹی میں محمد یوسف ، وہاب ریاض ، عبدالرزاق، اسدشفیق، ہیڈ کوچ ، کپتان اور ایک اینالسٹ شامل ہوگا۔ ساتوں ممبران مشاورت کے ساتھ فیصلہ کیا کریں گے،کمیٹی ہر فیصلے کو حتمی شکل دے گی ،تمام ساتوں ارکان کے پاس یکساں اختیار ہو گا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کوچز پر کام ہو رہا ہے ، جب بھی فائنل ہو گا تو آپ کو بتائیں گے ، چار 5 دن میں کوچز کا معاملہ بھی فائنل ہو جائے گا، کوچز کا عالمی اور ملکی سطح کا ایک کمبی نیشن ہو گا۔
چیئرمین پی سی بی کے مطابق حارث رؤف کا سینٹرل کنٹریکٹ بحال کردیا گیا ہے،کپتان کے اوپر کام ہو رہا ہے،مشاورت سے فیصلہ کریں گے ، اب سلیکشن کمیٹی آگئی ہے اس پر مشاورت کر رہی ہے، کپتان کوچز اور سلیکشن کمیٹی کے ساتھ مل کر فیصلہ کریں گے۔