افغانستان کرکٹ بورڈ ( اے سی بی ) نے کرکٹ آسٹریلیا کی طرف سے دونوں ٹیموں کے درمیان شیڈول ٹی 20 سیریز ملتوی کرنے پر مایوسی کا اظہار کردیا۔
یاد رہے کہ افغانستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچز پر مشتمل تین ٹی 20 سیریز رواں سال اگست میں شیڈول تھی جسے چند روز قبل کرکٹ آسٹریلیا کی طرف سے ملتوی کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل کرکٹ آسٹریلیا نے مارچ 2023 میں شیڈول سیریز کو بھی ملتوی کردیا تھا جبکہ مجموعی طور پر تین دفعہ سیریز ملتوی ہوچکی ہے۔
کرکٹ آسڑیلیا کی جانب سےافغانستان میں خواتین اور لڑکیوں کے انسانی حقوق میں واضح بگاڑ کی وجہ سےسیریز ملتوی کی گئی۔
کینگروز کی جانب سے بار بار التوا کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے افغان کرکٹ بورڈ نے مایوسی کا اظہار کیا ہے اور اپنے حالیہ بیان میں کرکٹ آسٹریلیا کو کہا کہ ’بیرونی دباؤ اور سیاسی اثرات کے سامنے نہ جھکیں ‘۔
افغان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ اے سی بی آسٹریلوی حکومت پر زور دیتا ہے کہ وہ کرکٹ بورڈز پر اپنی پالیسیاں مسلط نہ کرے اور اس کے بجائے تمام خطوں میں کرکٹ کی ترقی کی حمایت پر توجہ دے، اے سی بی کی اعلیٰ انتظامیہ نے پہلے کرکٹ آسٹریلیا کے ساتھ بات چیت کی تھی اور عوامی طور پر دستبرداری کا اعلان کرنے کے بجائے متبادل حل تلاش کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔
اے سی بی کے بیان میں کہا گیا کہ اب ملتوی ہونے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز کو آئی سی سی نے کرکٹ آسٹریلیا کے وفد کی موجودگی میں منظور کیا تھا جس نے اس وقت میچز پر اتفاق کیا تھا۔
افغان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ آسٹریلیا پر سختی سے زور دیا کہ وہ ایک مکمل رکن ملک کے طور پر اپنی پوزیشن کا احترام کرے اور اسے سمجھے اور بیرونی دباؤ اور سیاسی اثرات کے سامنے جھکنے کے بجائے متبادل حل تلاش کرے۔
بورڈ نے دنیا بھر میں غیر جانبدار اور سیاست سے پاک کرکٹ پر اپنے موقف کا اعادہ کیا اور کہا کہ کرکٹ کو سیاسی اثر و رسوخ سے پاک رہنے کو یقینی بنانے کے لیے وہ مذاکرات کے لیے بھی تیار ہے۔





















