متحدہ عرب امارات ( یو اے ای ) کی نجی کمپنی ای ٹی جی ایکو گرین نے ماحول دوست پلاسٹک سے پاک ، کمپوسٹ ایبل بوتلیں ، کٹلری اور دیگر ضروریات زندگی کا سامان بنانے کا اعلان کر دیا۔
یو اے ای کی نجی کمپنی ای ٹی جی ایکو گرین نے جدید ترین ٹیکنالوجی کی بدولت پیکجنگ منیوفیکچرنگ، پلاسٹک فری یو اے ای کی جانب پہلا انقلابی قدم اٹھایا ہے۔
پلاسٹک فری پروڈکٹ کی لانچنگ تقریب میں پاکستان سمیت مختلف ممالک کے معروف صنعت کاروں ، سماجی شخصیات اور بزنس کمیونٹی نے شرکت کی جبکہ تقریب کے مہمان خصوصی روانڈا کے قونصل جنرل ایڈورڈ بیزوموریمی تھے۔
تقریب میں تجارتی ادارے کی انتظامیہ نے امارات کو پلاسٹک فری بنانے کے عزم کا بھرپور اعادہ کیا۔
شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ای ٹی جی کے شریک بانی اور سی ای او کشور کمار ریڈی کا کہنا تھا کہ ای ٹی جی ایکو گرین امارات میں ماحول دوست مصنوعات کی پیداوار کا علمبردار ہے۔
اس موقع پر کمپنی نے اپنی پلاسٹک فری اور کمپوسٹ ایبل بوتلوں اور کٹلری کی رونمائی بھی کی جسے شرکا نے خوب سراہا۔
کمپنی اس وقت تین براعظموں میں پلاسٹک فری مصنوعات بنا رہی ہے۔
سی ای او کشور کمار ریڈی، شریک بانی طارق بادشاہ اور پاکستان سے ہیڈ زبیر گھانگھرا یونیک کا میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمارا سفر ایک واضح وژن کے ساتھ شروع ہواہے، ہمارہ مقصد ہے کہ روزمرہ کی زندگی سے پلاسٹک کو ختم کیا جائے اور یہ کمپوسٹ ایبل پانی کی بوتلوں کے ساتھ اس مقصد کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس ای ٹی جی کا مقصد ماحولیاتی ذمہ داری اور جدید تقاضوں کو ہم آہنگ کرنا ہے، کمپوسٹ ایبل بوتلیں پلاسٹک کے فضلے کو کم کرنے اور ماحول دوست طرز زندگی کی حوصلہ افزائی کرنے میں مدد دیں گی۔