وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ این اے 117 کے طویل عرصے سے زیر التوا عوامی مفاد کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل ہوں گے۔
وفاقی وزیر نجکاری اور صدر استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی ) عبدالعلیم خان نے اپنے حلقہ انتخاب این اے 117 میں سابق چیئرمین ، وائس چیئرمین اور کونسلرز کے ہمراہ افطار کیا جبکہ اس موقع پر پی پی 145 اور 146 کے ایم پی ایز سمیع اللہ خان اور غزالی سلیم بھی افطار پارٹی میں شریک ہوئے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر نے ترقیاتی کاموں کو مربوط انداز میں انجام دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ این اے 117 میں مرکزی دفتر قائم اور دونوں ایم پی ایز کے ساتھ مل کر کام ہوگا، حلقوں کی ترقی کیلئے مربوط لائحہ عمل بنا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سڑکوں کی تعمیر سے پہلے سیوریج اور دیگر امور یقینی بنائیں گے۔
شرکا کی جانب سے عبدالعلیم خان کو وفاقی وزیر برائے نجکاری و سرمایہ کاری کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد بھی پیش کی گئی۔