بھارتی پنجاب کے آنجہانی گلوکار شبھ دیپ سنگھ سدھو المعروف سدھو موسے والا کے والد بلکور سنگھ نے آنجہانی گلوکار کے مداحوں کے لئے اہم پیغام جاری کردیا۔
گزشتہ ماہ بھارتی میڈیا کی جانب سے دعویٰ سامنے آیا تھا کہ سدھو موسے والا کے والدین کے ہاں جلد بچے کی پیدائش متوقع ہے جس کے بعد اب یہ خبریں زیر گردش ہیں کہ آنجہانی گلوکار کی والدہ چرن کور کو ہسپتال داخل کرایا گیا جہاں وہ جلد ہی بچے کو جنم دے سکتی ہیں جبکہ بھارتی میڈیا سے منسلک بعض رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ چرن کور نے جڑواں بچوں کو جنم دے دیا ہے۔
تاہم، اب سدھو موسے والا کے والد بلکور سنگھ نے زیر گردش دعوؤں پر خاموشی توڑتے ہوئے اپنا رد عمل جاری کیا ہے۔
لازمی پڑھیں۔ سدھو موسے والا کے والدین کے ہاں جلد بچے کی پیدائش متوقع
سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر اپنی حالیہ ایک پوسٹ میں بلکور سنگھ نے دعوؤں کی تردید یا تصدیق تو نہیں کی تاہم، انہوں نے یہ کہا کہ انکے خاندان کے بارے میں افواہوں پر یقین نہ کیا جائے۔
منگل کو انہوں نے فیس بک پر پنجابی پوسٹ میں لکھا کہ ’’ ہم سدھو کے مداحوں کے شکر گزار ہیں، جو ہمارے خاندان کے بارے میں فکر مند ہیں، لیکن ہم درخواست کرتے ہیں کہ ہمارے خاندان کے بارے میں بہت ساری افواہیں گردش کر رہی ہیں جن ان پر یقین نہیں کیا جانا چاہیے ، جو بھی خبر ہو گی گھر والے آپ سب سے شیئر کریں گے ‘‘۔
لازمی پڑھیں۔ سدھو موسے والا کا قریبی دوست قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گیا
یاد رہے کہ 2022 میں مانسا سے کانگریس کے ٹکٹ پر پنجاب اسمبلی کا الیکشن لڑنے والے آنجہانی گلوکار سدھو موسے والا کو اسی سال 29 مئی کو قتل کر دیا گیا تھا جبکہ اس کیس میں گینگسٹر لارنس بشنوئی اور گولڈی برار سمیت 31 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے اور اب تک 25 کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔