فروری 2024 میں پاکستان بھر میں کاروں کی فروخت میں سالانہ بنیاد پر 57 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ کے دوران 59 ہزار 699 کاریں فروخت ہوئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کی ایک لاکھ ایک ہزار 426 کے مقابلے میں 41 فیصد کم ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فروری 2024 کے دوران 9706 کاریں فروخت ہوئیں جبکہ فروری 2023 میں 6186 کاریں فروخت ہوئی تھیں۔
اعداد و شمار کے مطابق پاک سوزوکی کی بنائی ہوئی گاڑیوں کی فروخت میں 399 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ فروری 2023 میں پاک سوزوکی کی 978 گاڑیاں فروخت ہوئی تھیں جبکہ فروری 2024 میں فروخت 4885 یونٹس تک جاپہنچی۔
ٹویوٹو کاریں بیچنے والی انڈس موٹر کمپنی کی فروخت میں بھی 13 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا۔ گزشتہ برس کے 1803 کے مقابلے میں اس سال 2036 یونٹ فروخت ہوئے ہں۔
ہونڈا کاروں کی فروخت میں 7 فیصد کمی واقع ہوئی۔ گزشتہ برس کے 1636 یونٹس کے معاملے میں اس سال 1517 یونٹ فروخت ہوئے ہیں۔ سالانہ بنیاد پر اضافے کے باوجود ماہانہ بنیاد پر فروخت میں 7 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔
انڈس موٹرز کی گاڑیوں کی فروخت میں ماہانہ بنیاد پر کمی واقع ہوئی۔ تجزیہ کار گزشتہ ماہ کورولا کراس کی لانچ کو اس کا بنیادی سبب قرار دیتے ہیں۔
سالانہ بنیاد پر ٹریکٹرز کی فروخت میں ایک فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فروری میں مجموعی طور پر 3366 ٹریکٹر فروخت ہوئے۔ سال رواں کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران ملک بھر میں 30 ہزار 591 ٹریکٹر فروخت ہوئے۔ سالانہ بنیاد پر اضافہ 68 فیصد رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال کے پہلے 8 ماہ کے دوران سالانہ بنیاد پر موٹر سائیکلوں کی فروخت میں 9 فیصد اور ماہانہ بنیاد پر فروخت میں 10 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ فروری 2024 میں ملک بھر میں 93 ہزار 764 موٹر سائیکلیں فروخت ہوئیں۔