بانی پی ٹی آئی کی بہن علمیہ خان وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی تعریف کرنے پر تحریک انصاف لاہور کے صدر جمیل اصغر بھٹی پر برہم ہوگئیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی تعریف کرنے پر علیمہ خان نے پی ٹی آئی لاہور کے صدر جمیل اصغر بھٹی کی سرزنش کردی اور کہا کہ آپ کی ویڈیو دیکھی ہے جس میں آپ مریم بی بی کی بڑی تعریف کر رہے ہیں۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ آج پہلی بار اپنے لاہور کے صدر کو یہاں دیکھا ہے، آپ کب سے لاہور کے صدر بنے ہیں۔
جمیل اصغر بھٹی نے جواب دیا کہ میں نو مئی کے بعد صدر بنا تھا جس پر علیمہ خان نے کہا کہ آپ نو مئی کے بعد چھپے ہونگے، مریم نواز کی تعریفیں کم کریں، جو ورکرز جیلوں میں ہیں انکا خیال کریں۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ یہاں گرفتار کارکن ہمیں کہہ رہے ہیں وکلا فراہم کریں۔
جمیل اصغر بھٹی نے کہا کہ میرا بھتیجا احمر رشید بھٹی گرفتار ہے جس پر علیمہ خان نے جواب دیا کہ آپ اس طرح کی باتیں کرکے ہم سے ہمدردی نہ لیں، کام کریں۔