وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان نے سرکاری خزانے سے تنخواہ سمیت دیگر مراعات نہ لینے کا اعلان کر دیا۔
منگل کے روز استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی ) کے صدر اور وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان نے اپنی وزارت کا چارج سنبھال لیا ہے جبکہ وزارت نجکاری پہنچنے پر سینئر افسران اور عملے کی جانب سے ان کا استقبال کیا گیا۔
اس موقع پر عبدالعلیم خان کو وزارت نجکاری کے امور پر ابتدائی بریفنگ بھی دی گئی۔
بعدازاں، اپنے خصوصی پیغام میں عبدالعلیم خان نے تنخواہ، سرکاری گاڑی اور دیگر مراعات نہ لینے کا اعلان کیا۔
وفاقی وزیر نے یہ اعلان بھی کیا کہ اجلاسوں اور مہمانوں کی خاطر مدارت بھی وہ اپنی جیب سے ادا کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی وزارت سے کسی قسم کی سرکاری مراعات نہیں لوں گا۔
خیال رہے کہ عبدالعلیم خان کو سرمایہ کاری بورڈ کا اضافی چارج بھی دیا گیا ہے اور انہوں نے پیر کے روز بطور وفاقی وزیر حلف اٹھایا تھا۔