یوم پاکستان کی مناسبت سے " 23 مارچ 1940 اور آج کا پاکستان" کے عنوان سے کُل پاکستان تقریری مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ ٹاپ تھری پوزیشن ہولڈر طلباء میں نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق سنو ایف ایم ریڈیو نیٹ ورک کے زیر اہتمام آرمی پبلک سکول ڈی ایچ اے کیمپس میں " 23 مارچ 1940 اور آج کا پاکستان" کے عنوان پر کل پاکستان تقریری مقابلہ کا انعقاد ہوا۔ ملک بھر سے سینکڑوں نوجوانوں نے اس تقریری مقابلے میں حصہ لیا، تقریری مقابلے کا مقصد ملک کے نوجوانوں کو قرارداد پاکستان کی اہمیت سے روشناس کرانا تھا۔
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی عہد حاضر کے عظیم مصنف، شاعر اور ادیب جناب افتخار عارف صاحب تھے، مہمانان تقریب میں شاعر اور سینئر بیوروکریٹس نے اپنی موجودگی سے تقریب کو رونق بخشی۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مہمانوں ، طلباء و طالبات اور تقریری مقابلے میں شامل مقررین کے اہل خانہ بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ پروگرام کے آخر میں نامور شاعر و ادیب افتخار عارف صاحب نے اپنی شاعری سے سب کو محظوظ کیا۔
اختتامی تقریب میں ملک بھر سے منتخب ہوکر آنے والے نوجوانوں نے فن تقریر کا مظاہرہ کیا اور خوب داد سمیٹی، خیبر پختونخوا کے حیدر عباس نے پہلی جبکہ لاہور کے محمد عبداللہ نواز نے دوسری اور آزاد جموں کشمیر کی مشعل ابرار عباسی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کو 5 لاکھ دوسری پوزیشن کو 3 لاکھ اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی طالبہ کو دو لاکھ روپے دیے گئے۔ مقابلے میں شریک دیگر مقررین کو بھی 50،50 ہزار کے انعامات سے نوازا گیا۔