جنوبی افریقا کی سابق فاسٹ باؤلر شبنم اسماعیل نے ویمنز کرکٹ میں تیز ترین ڈیلیوری کا ریکارڈ توڑ دیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کی ایک رپورٹ کے مطابق جنوبی افریقہ کی سابق فاسٹ باؤلر شبنم اسماعیل نے منگل کو تاریخ رقم کی جب انہوں نے خواتین کی کرکٹ میں اب تک کی تیز ترین گیند بازی کا ریکارڈ بنایا۔
رائٹ آرم باؤلر نے بھارت میں جاری ویمنز پریمیئر لیگ کے دوران ایک میچ میں 130 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے کی جانے والی ڈیلیوری کا ریکارڈ توڑا۔
لازمی پڑھیں۔ بھارت کے معروف کرکٹر نے اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا
ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں دہلی کیپٹلز کے خلاف ویمنز پریمیئر لیگ کے میچ میں ممبئی انڈینز کے لیے بولنگ کرتے ہوئے شبنم اسماعیل نے 132.1 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کرائی۔
یہ پہلا موقع تھا کہ ویمنز کرکٹ میں ڈیلیوری 130 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ کی رفتار سے کی گئی اور میچ کے تیسرے اوور کی یہ دوسری گیند آسٹریلیا کی سابق کپتان میگ لیننگ کے پیڈ پر لگی۔
شبنم اسماعیل نے پچھلے آٹھوں آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں جنوبی افریقا کی نمائندگی کی تاہم وہ گزشتہ سال ہونے والے ایونٹ کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہوئی تھیں، اس سے قبل 2016 میں وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف 128 کلومیٹر فی گھنٹہ (79.54 میل فی گھنٹہ) کی رفتار سے باؤلنگ کر چکی ہیں۔