بھارت کی امیر ترین شخصیت مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی شادی سے قبل تین روزہ جشن کی تقریبات میں دنیا بھر کی امیر ترین اور نامور شخصیات شرکت کر رہی ہیں لیکن اس دوران انتہائی حیران کن ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں فیس بک کے مالک مارک زکربرگ کی اہلیہ پر’سکیلا چین ‘ ، اننت امبانی کے ہاتھ میں پہنی گھڑی دیکھ کر ششدر رہ گئیں اور خریدنے کی خواہش ظاہر کر دی ۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتاہے کہ فیس بک کے مالک مارک زکر برگ بھی اپنی اہلیہ کے ساتھ اس شادی میں شریک ہیں اور جب وہ دولہے سے ملاقات کرتے ہیں تو اس دوران مارک زکر برگ کی اہلیہ پرسکیلا اننت امبانی کے ہاتھ میں پہنی ہوئی گھڑی دیکھ کر اس کی دیوانی ہو جاتی ہیں اور کہتی ہیں کہ یہ گھڑی وہ بھی خریدنا چاہیں گی جبکہ اس موقع پر فیس بک کے مالک کہتے ہیں کہ ’ میں پہلے یہ گھڑی نہیں خریدنا چاہتا تھا لیکن اب لینا چاہتاہوں ‘ ۔
اننت امبانی نے جو گھڑی ہاتھ میں پہن رکھی ہے وہ درحقیقت دنیا کی نہایت مہنگی اور قیمتی گھڑیاں بنانے والی کمپنی ’ ایڈیومرز پیوگیوٹ رائل آک‘ (audemars piguet royal oak)کی ہے جس کی قیمت تقریبا 14 کروڑ بھارتی روپے ہے ۔
یہاں آپ کو یہ بھی بتاتے چلیں کہ شادی سے قبل جاری تین روزہ جشن میں بالی ووڈ کی معروف شخصیات شاہ رخ خان، سلمان خان اور عامر خان کے علاوہ دنیا بھر سے سٹار کرکٹرز اور کئی بڑی شخصیات شریک ہیں ۔