متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) کے رہنما امین الحق نے کہا ہے کہ ہمارے تمام 22 ارکان قومی اسمبلی موجود ہیں جو یقیناً شہبازشریف کو وزارت عظمیٰ کے لئے ووٹ دیں گے، آصف زرداری کو ووٹ دینے کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔
پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما امین الحق کا کہنا تھا کہ شہبازشریف یقیناً شہری سندھ کو ساتھ لے کر چلیں گے۔
امین الحق کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم نے صدارتی انتخابات میں آصف زرداری کو ووٹ دینے کا فیصلہ ابھی نہیں کیا،اس حوالے سے فیصلہ باہمی مشاورت سے کریں گے، پیپلزپارٹی سے نظریاتی اختلاف ہے کوئی ذاتی دشمنی نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ٹیلی فونک رابطے کے علاوہ پیپلزپارٹی کا ابھی ایم کیوایم سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کے دروازے کھلے ہیں، پیپلزپارٹی کا وفد جب آئے گا تو ان سے بات چیت کریں گے۔