پشتونخوا ملی عوام پارٹی کے سربراہ محمود اچکزئی نےجمعیت علما اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے صدارتی الیکشن کیلئے ووٹ مانگ لیا۔
جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سےسنی اتحاد کونسل کے صدارتی امیدوار محمود اچکزئی نےملاقات کی ، جس میں سیاسی، پارلیمانی اور قومی امور پر بات چیت کیساتھ 8 فروری کے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی اور انتخابی نتائج پر بھی بات کی گئی۔
محمود اچکزئی نے بتایا کہ وہ سنی اتحاد کونسل کے صدارتی امیدوار ہیں،اورساتھ ہی صدارتی الیکشن کیلئے ووٹ بھی مانگ لیا۔ تاہم مولانا فضل الرحمان نے جواب دیا کہ سندھ اور پنجاب کے دورے سے واپس آکر اس معاملے پر غور کریں گے۔
یاد رہے کہ جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان تین روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے ہیں ۔ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات سندھ سمیع سواتی کے مطابق جے یوآئی سندھ کے تمام اضلاع کے اراکین کا اہم اجلاس کل کورنگی میں ہوگا۔