ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان اور کراچی کنگز کے کھلاڑی کیرون پولارڈ اچانک پی ایس ایل چھوڑ کر بھارت روانہ ہو گئے ۔
سماء نیوز کو ذرائع نے بتایا ہے کہ کیرون پولارڈ کراچی کنگز کی ٹیم سے 4 روز کی چھٹی منظور کروا کر معروف بھارتی کاروباری شخصیت مکیش امبانی کے بیٹے کی شادی میں شرکت کیلئے بھارت روانہ ہوئے ہیں ۔ کیرون پولارڈ آج دبئی کے راستے بھارتی شہر جام نگر پہنچیں گے ، بھارتی امیر ترین شخصیت مکیش امبانی کے بیٹے اننت امبانی کی شادی کی تقاریب جام نگر میں جاری ہیں، بھارت سمیت بین الاقوامی کرکٹرز اننت امبانی کی شادی کی تقریب میں شرکت کریں گے، کیرون پولارڈ آئی پی ایل میں ممبئی انڈینز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔کراچی کنگز اپنا اگلا میچ ملتان سلطانز کے خلاف 3 مارچ کو کھیلے گی ۔