قومی اسمبلی کے آج ہونے والے افتتاحی اجلاس میں نو منتخب اراکین نے حلف اٹھا لیاہے جس کے بعد سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کیلئے کاغذات نامزدگی بھی جمع کرو ا دیئے گئے ہیں تاہم ملک کے نئے وزیراعظم کے انتخاب کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق ملک کے نئے وزیراعظم کا انتخاب تین مارچ بروز اتوار کو ہوگا ، وزیراعظم کیلئے کاغذات نامزدگی 2 مارچ دن 2 بجے تک جمع کروائے جا سکتے ہیں ،قائد ایوان کیلئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال دو مارچ کو دوپہر تین بجے ہو گی ۔
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ وزیراعظم کیلئے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے مشترکہ امیدوار شہبازشریف ہیں جبکہ سنی اتحاد کونسل کی جانب سے عمر ایوب کو امیدوار نامزد کیا گیاہے ۔
یاد رہے کہ جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیر اعظم، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخابی عمل کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بھی قومی اسمبلی پہنچے اور بطور ممبر اسمبلی حلف اٹھایا۔اسمبلی اجلاس کے بعد اپنے بیان میں میں مولانا فضل الرحمان نے اعلان کیا کہ وہ سپیکر قومی اسمبلی، ڈپٹی سپیکر اور وزیر اعظم کے انتخابی عمل کاحصہ نہیں بنیں گے۔میڈیا سے گفتگو کے دوران سربراہ جے یو آئی سے صحافی نے سوال کیا کہ اسمبلی میں آنا کیسا لگا؟ جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’’ یہ اسمبلی تو نہیں کوئی اور چیز ہے ‘‘۔
صحافی کی جانب سے پوچھا گیا کہ اب کیا احتجاج ہوگا یا آزادی مارچ ہوگا؟ جس پر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ دیکھیں اور انتظار کریں۔اسمبلی کی مدت سے متعلق سوال پر جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ لگتا تو نہیں 5 سال پورے کرے۔