کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکے فاسٹ باولر محمد عامر نے ایک مرتبہ پھر بابراعظم کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ بابراعظم سے میرا اچھا تعلق ہے ، ان سے میری کوئی دشمنی نہیں ہے ، ہم دونوں نے ایک ساتھ کرکٹ کھیلی ہے ،انہوں نے اننگ کے آخر میں جو شارٹس کھیلی وہ بہت ہی شاندار تھیں ، انہوں نے جس طرح آخر دو اوورز کھیلے انہیں ایسے ہی کھیلنا چاہیے ،
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد عامر کا کہناتھا کہ پاکستان کی مینجمنٹ لانگ ٹرم پلاننگ نہیں کرتے، اپنی اپنی سیریز کا سوچتے ہیں، روٹیشن پالیسی بالکل ہونی چاہیے، بیٹرز اور بولرز کا ورک لوڈ مینج کرنا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ اکثر دیکھا ہوگا ورلڈ کپ سے قبل کھلاڑی ان فٹ ہوجاتے ہیں کیونکہ کوچز لانگ ٹرم پلاننگ نہیں کرتے، فاسٹ بولر کا کیرئیر چھوٹا ہوتا ہے، کرکٹ کے بڑے اس کے کیرئیر کو مینج کریں، پی سی بی کو چار روزہ ریڈ بال کرکٹ پر انویسٹ کرنا ہوگا۔
محمد عامر نے کہا کہ ریڈ بال کرکٹ میں نوجوانوں کو اچھے کانٹریکٹ دینے چاہئیں، نوجوان بولرز ریڈ بال کرکٹ کی طرف نہیں آرہا، جب اس پر ورک لوڈ آتا ہے تو وہ انجری کا شکار ہوجاتا ہے، سرفراز احمد ٹیم میں ہیں، رائیلی روسووو ان سے مشورے لیتے ہیں۔