پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے بانی عمران خان اور بشریٰ بی بی پر 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں فرد جرم عائد ہوگئی۔
قومی احتساب بیورو ( نیب ) کی جانب سے دائر کیے گئے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں اہم پیش رفت سامنے آگئی، احتساب عدالت کی جانب سے ریفرنس میں نامزد ملزمان بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر فرد جرم عائد کردی گئی ہے۔
منگل کے روز احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے اڈیالہ جیل راولپنڈی میں ریفرنس کی سماعت کی جس کے دوران بشریٰ بی بی کو بنی گالا سب جیل سے اڈیالہ جیل منتقل کر کے عدالت میں پیش کیا گیا۔
بانی پی ٹی آئی کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر، عمیر نیازی اور دیگر وکلا عدالت میں پیش ہوئے جبکہ نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے دلائل دیے۔
عدالت نے دونوں ملزمان کی موجودگی میں فرد جرم پڑھ کر سنائی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا۔
بعدازاں، احتساب عدالت نے ریفرنس کی آئندہ سماعت 6 مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے استغاثہ کے 5 گواہان طلب کر لئے ۔